انڈر 19 ایشیا کپ: حمزہ ظہور کی سنسنی خیز سنچری، پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے دبوچ لیا
عمان (نیوز ڈیسک) اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم معرکے میں دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ کے اصل ہیرو وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور رہے جن کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان نے ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔
الامارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر تمام وکٹیں گنوا دیں۔
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی، جہاں علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے بھارتی ٹیم کو بڑا ٹوٹل بنانے سے روکے رکھا۔
209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی۔ محض 61 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 5 ابتدائی بیٹر پویلین لوٹ چکے تھے اور ٹیم سخت مشکلات کا شکار تھی۔
اس نازک موڑ پر حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے کریز پر قدم جمائے۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز قائم ہوئے جس نے میچ کا رخ بدل کر رکھ دیا۔ حسنین عباس نے ذمہ دارانہ 38 رنز بنا کر حمزہ ظہور کا بھرپور ساتھ نبھایا۔
حسنین عباس کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی حمزہ ظہور نے ہمت نہ ہاری اور 108 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔